8 نومبر 2025 - 17:57
ترکیہ نے نیتن یاہو اور کئی دیگر اسرائیلی وزرا کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کر دیئے

اطلاعات کے مطابق ترکیہ نے غاصب اسرائيل کے وزیرِ اعظم، وزیرِ جنگ، اندرونی سلامتی کے وزیر، چیف آف اسٹاف اور بحریہ کے کمانڈر کے گرفتاری وارنٹ جاری کئے ہیں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا  کے مطابق ترکیہ نے غزہ میں ہزاروں فلسطینیوں کی نسل کُشی کے الزام میں اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو، وزیرِ جنگ اسرائیل کاٹز، اندرونی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر، چیف آف اسٹاف ہیرزی ہالیوی اور بحریہ کے کمانڈر ڈیوڈ سار سالاما سمیت 37 سینئر فوجی و سیاسی شخصیات کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کئے ہیں۔ ان غاصب حکام پر ”غزہ میں نسل کُشی اور انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب“ کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔

استنبول کے چیف پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق یہ وارنٹ، غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے دوران شہریوں کو نشانہ بنانے والے ”منظم حملوں“ کی تفصیلی تحقیقات کے بعد جاری کئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ متاثرین اور ’گلوبل صمود فلوٹیلا‘ کے اراکین کی طرف سے دائر کی گئی شکایات کے بعد ترکیہ نے اس معاملے میں تحقیقات شروع کی تھیں۔ پراسیکیوٹر کے دفتر کے مطابق، تحقیقات کے دوران، زندہ بچ جانے والوں کی گواہی، چشم دید گواہوں کے بیانات اور فوجی حملوں کی دستاویزات کو بین الاقوامی قانونی معیار کے ساتھ جانچا گیا۔ استنبول پولیس محکمے اور ترکیہ کی قومی خفیہ تنظیم (ایم آئی ٹی) کے تعاون کے ساتھ یہ تفتیش تاحال جاری ہے۔

بیان میں کئی واقعات کا حوالہ دیا گیا، جن میں 6 سالہ ہند رجب کا قتل، الاہلی عرب اسپتال پر بمباری اور ترک فلسطین دوستی اسپتال پر کئے گئے حملے شامل ہیں۔ بیان میں یہ دلیل بھی دی گئی ہے کہ غزہ والوں کے خلاف اسرائیلی محاصرہ ایک غیر قانونی عمل ہے جس کی وجہ سے فلسطینی آبادی تک ضروری امداد نہیں پہنچ پائی اور یہ ایک اضافی جنگی جرم کے مترادف ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha